امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ بھارت اور امریکا کے درمیان تجارتی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ وہ اپنے دوست وزیراعظم نریندر مودی سے جلد بات چیت کے منتظر ہیں اور یقین ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کے لیے کامیاب نتائج حاصل کرنا مشکل نہیں ہوگا۔
اس پر بھارتی وزیراعظم مودی نے بھی مثبت ردعمل دیا اور کہا کہ بھارت اور امریکا قریبی دوست اور فطری شراکت دار ہیں، اور تجارتی مذاکرات سے دونوں ممالک کے عوام کے روشن مستقبل کے لیے راہیں ہموار ہوں گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ چند ماہ میں دونوں ممالک کے تعلقات سرد مہری کا شکار رہے، جس میں ٹرمپ نے مودی پر تنقید کی اور بھارت کے خلاف ٹیرف بھی عائد کیے۔
تاہم اب دونوں رہنماؤں کے درمیان تعلقات میں نرمی کے آثار دیکھے جا رہے ہیں۔ اس دوران چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ روس اور بھارت کے قریبی تعلقات پر ٹرمپ نے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت اور روس چین کے گہرے اثر و رسوخ میں چلے گئے ہیں۔