Advertisement
پاکستان

وزیراعظم کا چینی ہم منصب کوٹیلیفون ، داسو میں چینی شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان اور چین کے وزیرِاعظم لی کے چیانگ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ جس میں وزیراعظم عمران خان نے داسو میں ہونےوالے المناک حادثے میں چین کے شہریوں کے قیمتی جانی نقصان پر تعزیت کااظہار کیا۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 5 years ago پر Jul 17th 2021, 3:03 am
ویب ڈیسک کے ذریعے

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس  سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا  کہ پاکستانی عوام کی ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں،  اس واقعے میں زخمی چینی باشندوں کو حکومت پاکستان علاج معالجے کی ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ وزیرِاعظم عمران خان نے چینی وزیرِ اعظم  کو یقین دلایا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ان کاکہنا تھا کہ  پاکستان میں  مقیم چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں  کی سلامتی  حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا ہے کہ چین اور پاکستان آہنی دوستی کے بندھن میں بندھے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن قوتوں کو برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔  

یاد رہے کہ بدھ کے روز خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں داسو ہائیڈرو پاور پلانٹ کے قریب  حادثے میں 9 انجینئرز، دو فرنٹیئر کور (ایف سی) اہلکاروں سمیت کم از کم 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک بس برسین کیمپ سے ورکرز کو لے کر پلانٹ کے مقام پر جارہی تھی۔

Advertisement
Advertisement