Advertisement

عرب ملک کویت نے 19 سال بعد پاکستانیوں کے لیے ویزوں پر عائد پابندی ختم کر دی

اس اقدام سے ہزاروں افراد کوکویت میں روزگار، تجارت، سیاحت کےمواقع ملیں گے، تمام ویزے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کیے جاسکتے ہیں،وزارت اوورسیز

GNN Web Desk
شائع شدہ 7 months ago پر May 26th 2025, 3:17 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
عرب ملک کویت نے 19 سال بعد پاکستانیوں کے لیے ویزوں پر عائد پابندی ختم کر دی

کویٹ سٹی:عرب ملک کویت نے 19 سال بعد پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں پر عائد پابندی ختم کردی، پاکستانیوں کو ورک، فیملی، وزٹ، سیاحتی اور کمرشل ویزوں کا اجرا شروع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق خلیجی ملک کویت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں کے اجرا کی پابندی کا خاتمہ کرتے ویزوں کا اجرا شروع کر دیا ہے،جس کے بعداب پاکستانیوں کو ورک، فیملی، وزٹ، سیاحتی، کمرشل ویزے جاری کیے جارہے ہیں۔
اس حوالے سے وفاقی وزارت اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ہزاروں افراد کوکویت میں روزگار، تجارت، سیاحت کےمواقع ملیں گے، کویت کے تمام ویزے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
فوکل پرسن برائے وزارت اوورسیز پاکستانیز نے کہا کہ کویت میں روزگار ملنے سے پاکستان کو قیمتی زر مبادلہ حاصل ہو گاان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی شہریوں کو ویزوں کے لیے طویل مرحلے کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے، کیوں کہ کویت کے ویزے آن لائن پلیٹ فارم سے جاری کیے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ چندروز قبل گلف نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کویت میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال نے آگاہ کیا ہے کہ کویتی حکومت نے پاکستانی شہریوں کو مختلف اقسام کے ویزے جاری کرنے کا عمل باضابطہ طور پر دوبارہ شروع کر دیا ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور اہم لیبر ضروریات کو پورا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ 
واضح رہے کہ کویتی دینار دنیا کی سب سے مضبوط کرنسیوں میں شمار ہوتا ہے،اس وقت ایک دینار تقریباً 914 روپے کے برابر ہے۔

Advertisement