Advertisement
پاکستان

پشاور ہائیکورٹ: نومنتخب وزیراعلیٰ کے انتخاب کے خلاف جے یو آئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

سماعت کے دوران وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیے کہ گورنر نے آج ہی نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے کا اعلان کیا ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 ماہ قبل پر اکتوبر 15 2025، 1:23 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
پشاور ہائیکورٹ: نومنتخب وزیراعلیٰ کے انتخاب کے خلاف جے یو آئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

 

پشاور ہائیکورٹ نے نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) کی دائر کردہ درخواست پر سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

 درخواست کی سماعت کے دوران جے یو آئی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ تاحال منظور نہیں ہوا، اس لیے ان کے استعفیٰ کی منظوری سے قبل وزیراعلیٰ کا انتخاب آئینی طور پر درست نہیں۔ مزید کہا گیا کہ موجودہ کابینہ کو بھی تاحال ڈی نوٹیفائی نہیں کیا گیا۔

سماعت کے دوران وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیے کہ گورنر نے آج ہی نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے کا اعلان کیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہمیں اس بات کا علم ہے، مگر پہلے درخواست گزار کے وکیل کو سننا ضروری ہے۔

جسٹس سید ارشد علی نے ریمارکس دیے کہ اگر وزیراعلیٰ مستعفی ہو تو کابینہ خود بخود تحلیل ہو جاتی ہے۔ انہوں نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ آیا وہ درخواست واپس لینا چاہتے ہیں یا عدالت اسے خارج کر دے؟ عدالت نے مزید کہا کہ اگر آئینی فورم (گورنر یا اسمبلی) کوئی اقدام کر چکے ہوں تو عدالتی مداخلت کا دائرہ محدود ہوتا ہے۔

وقفے کے بعد دوبارہ سماعت ہوئی تو درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت کیس کا فیصلہ میرٹ پر کرے۔

بعد ازاں، پشاور ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

Advertisement
Advertisement