Advertisement

جرمنی میں افغان کی گرفتاری پر پولیس پر حملہ، فائرنگ سے ہلاکت

جرمن چانسلر فریڈرش مرز نے غیرقانونی امیگریشن کے خلاف سخت اقدامات شروع کر دیے ہیں، جن میں سرحد پر زیادہ تر غیر دستاویز شدہ تارکین وطن کو واپس بھیجنا شامل ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 6 months ago پر Jun 26th 2025, 5:40 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
جرمنی میں افغان کی گرفتاری پر پولیس پر حملہ، فائرنگ سے ہلاکت

جرمنی میں پولیس نے ایک افغان شہری کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا جب اس نے گرفتاری کی کوشش کرنے والے اہلکاروں پر چاقو سے حملہ کیا، جس کے باعث ایک پولیس افسر شدید زخمی ہو گیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ واقعہ جنوبی جرمن شہر وانگن میں پیش آیا، جب دو پولیس اہلکار 27 سالہ افغان شہری کو ایک حملے کے جرم میں سنائی گئی قید کی سزا کے لیے گرفتار کرنے اس کے گھر پہنچے۔

پولیس اور استغاثہ کی مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران افغان شہری نے اچانک چاقو سے اہلکاروں پر حملہ کر دیا، جس کے جواب میں پولیس کو فائرنگ کرنا پڑی۔

پولیس کے مطابق، افغان شہری کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کے باوجود وہ دم توڑ گیا۔ پولیس افسر کو چاقو کے متعدد وار لگے، تاہم ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

ادھر، پولیس نے اسلحے کے استعمال کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

جرمنی میں حالیہ عرصے میں کئی سنگین حملے ہوئے ہیں، جن میں بعض حملے تارکین وطن کی جانب سے کیے گئے، جن میں چاقو زنی کے علاوہ شہریوں کو گاڑیوں سے روندنے کے واقعات بھی شامل ہیں، جس کی وجہ سے ملک میں امیگریشن کے حوالے سے سخت سیاسی بحث چھڑی ہوئی ہے۔

جرمن چانسلر فریڈرش مرز نے غیرقانونی امیگریشن کے خلاف سخت اقدامات شروع کر دیے ہیں، جن میں سرحد پر زیادہ تر غیر دستاویز شدہ تارکین وطن کو واپس بھیجنا شامل ہے۔

Advertisement