Advertisement
پاکستان

ایس سی او وزرائے دفاع اجلاس: خواجہ آصف چین پہنچ گئے، راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کا امکان

شنگھائی تعاون تنظیم کا یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں سیاسی و سیکیورٹی تناؤ شدت اختیار کر چکا ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 6 months ago پر Jun 25th 2025, 5:10 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
ایس سی او وزرائے دفاع اجلاس: خواجہ آصف چین پہنچ گئے، راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کا امکان

وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین پہنچ گئے ہیں۔ اجلاس میں بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کی شرکت بھی متوقع ہے، جس کے باعث دونوں ہم منصبوں کے درمیان غیر رسمی ملاقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تاہم سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ علاقائی حالات کے پیش نظر پاکستان اور بھارت کے وزرائے دفاع کے درمیان کسی باضابطہ دوطرفہ ملاقات کا شیڈول طے نہیں کیا گیا ہے۔

ایس سی او اجلاس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف دیگر رکن ممالک کے وزرائے دفاع سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی، اور عسکری تعاون جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ خواجہ آصف اس موقع پر خطے میں امن و استحکام سے متعلق پاکستان کے مؤقف کو بھی اجاگر کریں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں سیاسی و سیکیورٹی تناؤ شدت اختیار کر چکا ہے، اور رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ ایس سی او ایک بااثر علاقائی فورم ہے جس کے رکن ممالک میں پاکستان، چین، روس، بھارت اور وسطی ایشیائی ریاستیں شامل ہیں۔ یہ پلیٹ فارم سیکیورٹی، معیشت اور علاقائی ترقی کے شعبوں میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے کام کرتا ہے۔

Advertisement