Advertisement

سیز فائر کے اعلان کے بعد ایران کا اسرائیل پر بیلسٹک میزائل سے حملہ

یہ حملہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد کیا گیا

GNN Web Desk
شائع شدہ 6 months ago پر Jun 24th 2025, 9:48 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
سیز فائر کے اعلان کے بعد ایران کا اسرائیل پر بیلسٹک میزائل  سے حملہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران اسرائیل کے درمیان سیز فائر کے اعلان کے بعد ایران نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 3 اسرائیلی شہری ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی اسرائیل کے شہر بیر شیوا میں منگل کی صبح ایرانی میزائل حملے میں کم از کم 3 افراد ہلاک ہو گئے، جب ایرانی میزائل نے ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا۔ یہ حملہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بیر شیوا سے ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایرانی میزائل کے حملے کے نتیجے میں رہائشی کمپلیکس مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ ویڈیو میں عمارت کے باہر جلتی ہوئی گاڑیوں اور درختوں کے ملبے کو دیکھا جا سکتا ہے۔

اسرائیلی ایمرجنسی سروسز نے بتایا ہے کہ ایرانی میزائل حملے میں تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی ایمرجنسی سروس مگن ڈیوڈ ایڈوم (MDA) کے ایک بیان میں کہا گیا کہ جنوبی اسرائیل میں میزائل کے اثرات کے بعد، اب تک تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ دو افراد کو معتدل زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور تقریباً 6 افراد کے معمولی زخمی ہونے پر ہی انہیں جائے وقوع پر طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔

خیال رہے اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب 13 جون کو اسرائیل نے ایران کے جوہری اور فوجی مقامات پر پیشگی حملے کیے، جس کے بعد امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے میں ”بڑی“ جنگ کے امکان کے بارے میں خبردار کیا تھا۔

یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ شدید لڑائی گزشتہ 12 دنوں سے جاری ہے، جس میں دونوں جانب فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

Advertisement