Advertisement

ملک بھر میں 25 جون سے مون سون بارشیں

ترجمان کے مطابق مون سون کا سسٹم 25 جون کو ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہوسکتا ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 6 months ago پر Jun 23rd 2025, 5:02 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
ملک بھر میں 25 جون سے مون سون بارشیں

محکمہ موسمیات نے 25 جون سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی جبکہ کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

ترجمان کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ 25 جون کو مغربی ہواؤں کے داخل ہونے سے ملک بھر میں بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں 24 جون کی شب سے بارشیں متوقع ہیں، جبکہ 25 جون سے 1 جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی۔

اسی دوران پنجاب کے مختلف اضلاع، جن میں فیصل آباد، لاہور، سیالکوٹ اور سرگودھا شامل ہیں، میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے دیر، سوات، چترال اور شانگلہ کے علاقوں میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، 25 سے 28 جون کے دوران بلوچستان کے شمال مشرقی و جنوبی حصوں اور سندھ کے بالائی و جنوب مشرقی علاقوں میں بھی مون سون کی بارشیں متوقع ہیں۔

شدید بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی اور مری، گلیات، دیر، سوات اور کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں، جبکہ 26 سے 28 جون کے دوران کراچی اور حیدرآباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

مون سون بارشوں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Advertisement