Advertisement
پاکستان

وزیراعظم کی صدر مملکت سے ملاقات،"آپریشن بنیان المرصوص" پر تبادلہ خیال

پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن ملکی خودمختاری اور دفاع کے لیے جواب دینا ناگزیر تھا،صدر زرداری

GNN Web Desk
شائع شدہ 7 months ago پر May 10th 2025, 1:33 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
وزیراعظم کی صدر مملکت سے ملاقات،"آپریشن بنیان المرصوص" پر تبادلہ خیال

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی، جس میں پاک بھارت کشیدگی اور موجودہ جنگی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے صدر مملکت کو بھارت کی جانب سے جاری جارحیت اور پاکستان کے جوابی آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے قومی سلامتی، خطے کی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی۔
وزیراعظم نے صدر کو بتایا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے کی گئی اشتعال انگیزیوں کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا ہے اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوران ملاقات صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن ملکی خودمختاری اور دفاع کے لیے جواب دینا ناگزیر تھا۔
 انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم متحد ہے اور پاکستان ہر قیمت پر اپنی سرزمین اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کے نتیجے میں 3 بھارتی ایئربیسز سمیت کئی ایئر فیلڈز تباہ کر دی ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ کا آغاز کر دیا۔

Advertisement