Advertisement
پاکستان

اسرائیل جیسے باغی ریاست کی حمایت کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، خواجہ آصف

دنیا کو اسرائیل کی جوہری صلاحیت پر خوفزدہ ہونا چاہئے، وزیر دفاع

GNN Web Desk
شائع شدہ 6 months ago پر Jun 16th 2025, 9:14 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
اسرائیل جیسے باغی ریاست کی حمایت کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور مغربی ممالک کی جانب سے اس کی حمایت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اسرائیل کی جوہری صلاحیت پر خوفزدہ ہونا چاہئے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ٹویٹ میں خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا کو اسرائیل کی ایٹمی طاقت پر سنجیدہ تشویش ہونی چاہیے کیونکہ یہ ایک ایسا ملک ہے جو کسی بھی بین الاقوامی ایٹمی ضابطے کا پابند نہیں اور نہ ہی ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) یا کسی دوسرے موثر معاہدے کا رکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے برعکس پاکستان تمام بین الاقوامی ایٹمی اصولوں اور ضوابط کا پابند ہے۔ ہماری ایٹمی صلاحیت کا مقصد صرف اپنے عوام کی فلاح و بہبود اور دشمنوں کے جارحانہ عزائم کے خلاف ملکی دفاع ہے۔ ہم اپنے ہمسایہ ممالک کے خلاف کسی قسم کی بالادستی کی پالیسی نہیں رکھتے، جیسا کہ اسرائیل کے حالیہ اقدامات سے اس کی جارحانہ سوچ واضح ہو رہی ہے۔

وزیر وفاع نے کہا کہ مغربی دنیا کو اسرائیل کی طرف سے پیدا کیے جانے والے تنازعات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے، کیونکہ یہ تنازعات نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔

خواجہ آصف نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل جیسے باغی ریاست کی حمایت کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، جن سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔

Advertisement