Advertisement
پاکستان

 بلوچستان :سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، فتنہ الہند سے تعلق رکھنے والے 7 دہشتگرد ہلاک

وزیرِ اعظم نے کارروائیوں کے دوران 7 دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 6 months ago پر Jun 3rd 2025, 11:07 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
 بلوچستان :سیکیورٹی فورسز کی  کامیاب کارروائیاں، فتنہ الہند سے تعلق رکھنے والے 7 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو الگ الگ کارروائیاں کر تےہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا ۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 بھارتی سپانسر شدہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسرا آپریشن ضلع قلات کے علاقے میں کیا گیا جس میں فتنہ الہندوستان دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، کارروائی کے دوران مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے، ہلاک دہشتگرد متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب اس کامیاب آپریشن پر وزیر اعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی اداروں کو پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، بھارتی سرپرستی میں بلوچستان میں دھشتگردی پھیلانے والے فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Advertisement