Advertisement

کراچی، کسٹم اہلکار کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، اہلخانہ کا جناح اسپتال کے باہر احتجاج

کسٹم اہلکاروں نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، گاڑی نہ رکنے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، اہل خانہ

GNN Web Desk
شائع شدہ 6 months ago پر Jun 2nd 2025, 9:31 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
کراچی، کسٹم اہلکار کی فائرنگ سے نوجوان  جاں بحق، اہلخانہ کا جناح اسپتال کے باہر احتجاج

کراچی کے پوش علاقے کلفٹن بوٹ بیسن سگنل کے قریب فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق نوجوان کے اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ مقتول کو کسٹم اہلکاروں نے گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے براہ راست گولی مار کر قتل کیا۔

مقتول کے اہلخانہ کا جناح برج پر کسٹم اہلکاروں کےخلاف احتجاج جاری ہے۔

اہلخانہ کے مطابق، مقتول کی گاڑی میں ایرانی خشک دودھ موجود تھا، جسے کسٹم اہلکاروں نے روکا تھا۔ جب ڈرائیور گاڑی لے کر فرار ہونے کی کوشش کی، تو کسٹم کے اہلکار سمیر نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں احسان کی موت واقع ہو گئی۔ احسان کو سر میں گولی لگی، جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس بھی اس واقعے میں ملوث ہے، اور کسٹم اہلکاروں کو سخت سزا ملنی چاہیے۔

اہلخانہ نے الزام لگایا کہ کسٹم اہلکار سمیر کے ساتھ عادل بھٹی بھی موجود تھے، جنہوں نے فائرنگ کی۔ اس کے علاوہ، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقتول کا ساتھی شاہزیب اسپتال سے لاپتہ ہے، جسے پولیس اسپتال سے اپنے ساتھ لے گئی ہے۔

مقتول کے اہلخانہ نے وزیر اعلیٰ سندھ اور اعلیٰ حکام سے انصاف کی فراہمی کی اپیل کی۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر انصاف نہیں ہوا تو وہ اپنی احتجاجی کارروائی جاری رکھیں گے اور لاش کے ہمراہ کسٹم آفس کے سامنے احتجاج کریں گے۔

Advertisement