Advertisement
پاکستان

اختر مینگل کا دھرنا ختم کرنے سے انکار، ہر صورت کوئٹہ کی جانب مارچ کا اعلان

محض یقین دہانی کافی نہیں، جب تک عملی اقدامات نہیں ہوتے، احتجاج ختم نہیں ہوگا، سربراہ بی این پی مینگل

GNN Web Desk
شائع شدہ 8 months ago پر Apr 6th 2025, 10:25 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
اختر مینگل کا دھرنا ختم کرنے سے انکار، ہر صورت کوئٹہ کی جانب مارچ کا اعلان

بلوچستان نیشنل پارٹی(بی این پی) مینگل کا سردار اختر مینگل کی سربراہی میں مستونگ میں لک پاس پر دھرنا 9 ویں روز بھی جاری رہا۔

حکومتی وفد اور اختر مینگل کے مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوسکی۔ سردار اختر مینگل سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے رابطہ کیا۔

سردار اختر مینگل کا کہنا تھاکہ ہم نے اپنا مطالبہ ایاز صادق کے سامنے رکھ دیا اور ایاز صادق نے وزیراعظم کے سامنے معاملہ اٹھانے کی یقین دھانی کرائی ہے، تاہم اختر مینگل نے واضح کیا کہ محض یقین دہانی کافی نہیں، جب تک عملی اقدامات نہیں ہوتے، احتجاج ختم نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین ارکان اسمبلی میرے پاس آئی تھیں، خواتین ارکان کے سامنے گرفتار خواتین کی رہائی کا مطالبہ رکھا ہے۔ مطالبہ تسلیم نہیں کیاجاتا تو آج کوئٹہ کی جانب پرامن مارچ کریں گے۔

دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ بی این پی کو کوئٹہ کے ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 

 آج کوئٹہ میں چار روز سے معطل موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بحال ہونے کے بعد دوبارہ بند کردی گئی۔

اُدھر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال مستونگ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ میڈیکل سرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کے مطابق ایمرجنسی 6 اپریل سے 8 اپریل تک نافذ رہے گی جس کے باعث ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس اوردیگراسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

Advertisement