Advertisement
علاقائی

​عوامی رکشہ یونین پاکستان کے زیرِ اہتمام لاہور پریس کلب سے امریکی قونصلیٹ تک 'پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد' ریلی کا انعقاد

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مجید غوری نے کہا کہ آج کا یہ اجتماع اس بات کا واضح پیغام ہے کہ پاکستان کا ہر شہری اور محنت کش طبقہ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 5 months ago پر Feb 27th 2026, 5:33 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
​عوامی رکشہ یونین پاکستان کے زیرِ اہتمام لاہور پریس کلب سے امریکی قونصلیٹ تک 'پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد' ریلی کا انعقاد

​عوامی رکشہ یونین پاکستان کے زیرِ اہتمام آج لاہور پریس کلب سے امریکی قونصلیٹ تک ایک عظیم الشان "پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد" ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت یونین کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کی۔

ریلی میں ذیشان اکمل (قائم مقام چیئرمین عوامی رکشہ یونین)، حاجی رفاقت (مرکزی صدر عوامی رکشہ یونین)، وارث جویہ (صدر عوامی رکشہ یونین لاہور)، عبدالصبور (طالب علم رہنما) اور غلام حسین (نائب صدر لاہور) سمیت دیگر عہدیداروں اور سینکڑوں رکشہ ڈرائیوروں نے اپنے رکشوں کے ساتھ بھرپور شرکت کی اور وطنِ عزیز کی سلامتی اور پاک فوج کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مجید غوری نے کہا کہ آج کا یہ اجتماع اس بات کا واضح پیغام ہے کہ پاکستان کا ہر شہری اور محنت کش طبقہ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے جاری "آپریشن غزَب الحق" میں مصروف عمل پاک فوج کے جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ہماری فوج کی قربانیاں تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔

مجید غوری نے اپنے خطاب میں پاک فوج کے سربراہ سید عاصم منیر کی جرات مندانہ اور بصیرت انگیز قیادت کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور پاک افغان سرحدوں پر جاری کشیدگی کے تناظر میں فوج کی حکمتِ عملی قابلِ فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنے سپہ سالار کے ہر فیصلے پر اعتماد کرتی ہے اور ملکی دفاع کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ رکشہ ڈرائیور برادری پاک فوج کے بہادر جوانوں کی سلامتی اور آپریشن غزَب الحق کی کامیابی کے لیے ہمہ وقت دعاگو ہے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے بھی خصوصی دعا کرتی ہے۔

​ریلی کے اختتام پر امریکی قونصلیٹ کے باہر خطاب کرتے ہوئے مجید غوری نے واضح کیا کہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور کوئی بھی طاقت ہمیں مرعوب نہیں کر سکتی۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی مشکلات کے باوجود قومی یکجہتی اور فوج کی حمایت ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر "پاکستان زندہ باد" اور "پاک فوج زندہ باد" کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی اور شہداء کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی، جس کے بعد شرکاء پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

Advertisement