Advertisement
تجارت

وفاقی کابینہ نے نئے مالی سال 26-2025 کے فنانس بل کی منظوری دے دی

پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی نے بھی بجٹ کی منظوری میں ووٹ دینے کا فیصلہ کر لیا

GNN Web Desk
شائع شدہ 6 months ago پر Jun 26th 2025, 1:00 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
وفاقی کابینہ نے نئے مالی سال 26-2025 کے فنانس بل کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے نئے مالی سال 26-2025 کے فنانس بل کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی، وزیر خزانہ نے فنانس بل پر کابینہ کو بریفنگ دی، جس کے بعد وفاقی کابینہ نے نئے مالی سال کے فنانس بل کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے کچھ قوانین میں ترامیم کی بھی اصولی طور پر منظور دی تاہم وہ ترامیم کابینہ کی کمیٹی برائے قانون سازی کو بھجوا دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ گیس کے ایک ایجنڈے سے متعلق بھی کمیٹی بنائے جائے گی جو سپریم کورٹ میں اپنی تجاویز پیش کرے گی۔ 

دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ختم ہوگیا جس میں بجٹ کی منظوری میں ووٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم بجٹ میں ووٹ دینے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے چند روز قبل اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کے وفاقی بجٹ کی حمایت کرتا ہوں، پاکستان کو جنگ کی تیاری کرنا ہے اس لیے دفاعی بجٹ میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم، وزیر خزانہ، وزیر خارجہ کا شکریہ کہ اس دفعہ انہوں نے بجٹ پر پیپلز پارٹی کو انگیج کیا، ہم چاہتے تھے کہ تنخواہ اور پنشن میں مزید اضافہ کیا جائے، یہ اچھا اقدام ہے کہ حکومت نے تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کی خواہشات تھیں جو ہم بجٹ میں حاصل نہیں کر سکے، چاہتے تھے کہ پی ایس ڈی پی میں جنوبی پنجاب کو پنجاب کا 30 فیصد حصہ دلایا جائے، وزیر خزانہ نے کہا کہ اگلے بجٹ میں ہم بیٹھ کر کوشش کریں گے۔

 

Advertisement