Advertisement

ملیر جیل سے فرار قیدی کی گھر سے پھندہ لگی لاش برآمد، ویڈیو بیان میں کیا کہا؟

دوبارہ جیل جانے کے خوف سے خودکشی کرنے والا شخص ملیر جیل کا مفرور قیدی تھا، قیدی کی شناخت رضا کے نام سے ہوئی ،پولیس

GNN Web Desk
شائع شدہ 6 months ago پر Jun 5th 2025, 2:31 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
ملیر جیل سے فرار قیدی کی گھر سے پھندہ لگی لاش برآمد، ویڈیو بیان میں کیا کہا؟

کراچی کی ملیر جیل سے فرار ہونے کے بعد خودکشی کرنیوالے قیدی کا موت سے پہلے آخری بیان سامنے آگیا۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملیر جیل سے فرار قیدی رضا نے خودکشی سے پہلے ایک بیان ریکارڈ کیا، جس میں اس نے کہا کہ میں درخواست کرتا ہوں کہ مجھے رہائی دی جائے کیوں کہ میں بے قصور ہوں۔

ویڈیوبیان میں قیدی نے مزید کہا کہ میں بھی دیگر قیدیوں کے ساتھ ملیر جیل سے فرار ہوا تھا کیوں کہ فرار کے وقت جیل کے اندر صورتحال انتہائی افراتفری کا شکار تھی، سب لوگ ایک دوسرے کے اوپر چڑھ کر بھاگ رہے تھے۔

مفرور قیدی رضا کےبیان کے مطابق، ’سب لوگ ایک دوسرے کے اوپر چڑھ کر بھاگ رہے تھے، جیل میں فائرنگ بھی ہو رہی تھی۔‘ اس نے یہ بھی کہا کہ جیل کے اندر زلزلے جیسے جھٹکے محسوس ہوئے جس کے باعث وہ جان بچانے کے لیے بھاگا۔

وڈیو بیان میں قیدی نے مزید کہا، ’جب ہم جیل سے بھاگے تو سامنے مین روڈ تھا۔‘ اس نے انکشاف کیا کہ فرار کے دوران وہ خود بھی زخمی ہوگیا تھا، رضا نے بتایا کہ جیل سے نکلنے کے بعد وہ کافی دیر تک پیدل چلتا رہا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل زلزلوں کے جھٹکوں کے دوران ملیر جیل سے 200 سے زائد قیدی فرار ہوگئے تھی، جن کی مجموعی تعداد 214 بتائی گئی ہے۔ مفرور قیدیوں میں سے اب تک 119 کو دوبارہ گرفتار کر کے جیل واپس منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 95 قیدی تاحال مفرور ہیں۔

یاد رہے کہ ملیر جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں میں سے ایک قیدی کی شہر قائد کے علاقہ ماڑی پور میں ایک گھر سے پھندا لگی لاش برآمد ہوئی تھی۔

 پولیس کے مطابق دوبارہ جیل جانے کے خوف سے خودکشی کرنے والا شخص ملیر جیل کا مفرور قیدی تھا، قیدی کی شناخت رضا کے نام سے ہوئی جو عیدگاہ تھانے میں منشیات کے مقدمے میں گرفتار ہونے کے بعد سے ملیر جیل میں قید تھا۔

پولیس کے مطابق مفرور رضا کے خلاف 30 مارچ 2022ء کو عیدگاہ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔

چند روز قبل قیدیوں کے جیل سے فرار کے واقعے کے بعد وہ گھر پہنچا جس کی دوبارہ گرفتاری کے لیے اہل خانہ آج اسے سٹی کورٹ لے کر جانے والے تھے، فرار ہونے کے بعد رضا پہلے روپوش تھا اور اب ماڑی پور کے ایک مکان سے اس کی پھندے سے لٹکی ہوئی لاش مل گئی۔

Advertisement