جی این این سوشل

پاکستان

ضمیر جاگ گیا ہے

پر شائع ہوا

وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے دوران اپوزیشن جماعتوں نے حکمران جماعت کے چند اراکین اسمبلی کو توڑ لیا ہےیعنی جس طرح پکے ہوئے پھل کو درخت سے توڑ لیا جائے تو وہ فائدہ دیتا ہے اسی طرح یہ پکے ہوئے ایم این اے اب پی ڈی ایم کی جھولی میں جا گرے ہیں۔

سید محمود شیرازی Profile سید محمود شیرازی

 لیکن ان ایم این ایز کا کہنا ہے کہ وہ ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اپوزیشن کے ساتھ شامل ہوئے ہیں۔ پاکستانی سیاست میں یہ ضمیر اکثر تب ہی جاگتا ہے جب حکمران کمزور ہونے لگتے ہیں تو ان کے حامیوں کے ضمیر جاگنا شروع ہو جاتے ہیں وگرنہ جب وہ اقتدار کے مرے لے رہے ہوتے ہیں تب یہ ضمیر بھنگ پی کر سویا رہتا ہے۔ ویسے یہ ضمیر جو تحریک انصاف کے منحرف اراکین کا جاگا ہے یہ ویسا ہی ضمیر ہے جو اپوزیشن کے سینیٹرز کا تب جاگا تھا جب چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے موقع پر اپوزیشن اکثریت میں ہوتے ہوئے اپنا امیدوار نہ جتوا سکی اور اپوزیشن کے چند سینیٹرز نے اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے حکوتی  امیدوار کو ووٹ ڈال دیا تھا۔ ایسے ہی ایک سیاسی کارکن سے میں نے سوال کیا کہ یہ وہی ضمیر ہے نہ جو 2018 کے انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن کے ان ممبران کا جاگا تھا جو بھاگ بھاگ کر ضمیر کی آواز پر پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے تھے تو تحریک انصاف کے سیاسی کارکن کا کہناتھا کہ نہیں یہ وہ ضمیر نہیں ہے وہ تو سویا ہوا تھا یہ پیسوں کی چمک والا ضمیر ہے جو پیسے دیکھ کر جاگا ہے یا فیصلہ کن قوتوں کے کہنے پر جاگ گیا ہے۔اب اللہ جانے یہ ضمیر کون سا ہے لیکن ایک بات تو واضح ہو گئی ہے کہ ہماری سیاسی اشرافیہ کا ضمیر اکثر سویا ہی رہتا ہے اس پر جتنے بھی تازیانے برسائے جائیں، ہلایا جلایا جائے آوازیں دی جائیں مجال ہے یہ ضمیر جاگ جائے لیکن جوں ہی مخصوص ”قومی مفاد“ آتا ہے تو ضمیر جو بے سدھ ہو کر سویا رہتا ہے بلکہ گھوڑے گدھے بیچ کر نیند کی وادیوں میں کھویا ہوا ہوتا ہے جیسے ہی اس کے کانوں میں قومی مفاد کی آواز پڑتی ہے تو یہ ہڑ بڑا کر اٹھ بیٹھتا ہے اور آنکھیں ملتا ہوا قومی مفاد کی جانب بھاگتا ہے کہیں یہ پیچھے نہ رہ جائے۔ لیکن ایک بات ہے کہ یہ ضمیر ایک بار جاگ کر پھر سو جاتا ہے یہ نہیں ہے کہ اب کہ یہ جاگ گیا ہے تو یہ جاگا ہی رہے گا بلکہ ایسا ہو گا کہ ایک بار جاگ کر اسے پھر سے نیند کا دورہ پڑے گا اور مدہوش کر اقتدار کے ایونواں میں جا کر سو جائے گا (ویسے یہ ضمیر ہے بہت چالاک اس کو عام گدوں پر یا عام بستروں پر نیند بھی نہیں آتی ہے یہ نیند کیلئے ہمیشہ اقتدار کے نرم گرم بسترے ڈھونڈتا ہے اور جیسے ہی اسے اقتدار کے ایوانوں میں کوئی مخملی بستر ملتا ہے یہ اس پر جا کر لیٹ جاتا ہے)اور پھر اگلے دو سال یا تین سال سونا ہے یا کتنا عرصہ سونا ہے یہ ضمیر کو فیصلہ کن قوتیں ہی بتاتی ہیں بلکہ بیچ بیچ میں ہلکا پھلکا اٹھاتی بھی ہیں اسے کہ اٹھو اور انگڑائی لے کر پھر سو جاؤ تا کہ جب تمہیں دوبارہ جگایا جائے تو یہ بات کہنے کے قابل ہو سکو کہ میں تو جاگا تھا اور انگڑائی بھی لی تھی لیکن وہ موقع محل مناسب نہ تھا اس لئے دوبارہ سو گیا۔ یہ تو سیاست دانوں کا ضمیر ہے نہ جو مناسب وقت پر جاگتا ہے بلکہ جاگنے کیلئے ایک تازیانے کا منتظر ہوتا ہے اسی طرح ایک ضمیر سرکاری افسران کا بھی ہوتا ہے جو دوران سروس سویا رہتا ہے لیکن جوں ہی وہ ریٹائرڈ ہوتے ہیں تو ان کا ضمیر جاگ جاتا ہے اور پھر ضمیر اندر ہی اندر انہیں ملامت کرتا ہے کہ سوتے ہوئے جو خواب دیکھے تھے انہیں اب کتاب کی شکل میں بھی عوام کے سامنے پیش کرنا چاہئے تا کہ لوگوں کو پتہ چلے کہ سرکاری افسران دوران سروس بھی اگر ان کا ضمیر سویا ہوا ہوتا ہے تو اسے سویا ہوا مت سمجھیں بلکہ اس نے جان بوجھ کر آنکھیں میچی ہوتی ہیں اور جوں ہی قومی مفاد سامنے آتا ہے تو یہ اپنی آنکھیں پوری کھول کر چوکنا ہو جاتا ہے اور پھر ایسا کوئی فیصلہ نہیں کرتا اور نہ ہی کسی کو ایسا کوئی کام کرنے دیتا ہے جو قومی مفاد کے تابع نہ ہو۔

سیاست دانوں اور سرکاری افسران کے ساتھ ساتھ ایک عوام کا ضمیر بھی ہے جو ہر وقت جاگا ہی رہتا ہے اور نیند نہ پوری ہونے کی وجہ سے دیوانا سا ہو جاتا ہے اس ضمیر کی اہمیت تعداد کے حوالے سے ہوتی ہے جس پارٹی کے پاس جتنے زیادہ عوامی ضمیر ہوں گے وہ اتنا ہی اتراتی ہے کہ میں دس لاکھ ضمیروں کے ساتھ دھرنا دوں گی یا اتنے لاکھ ضمیر میرے ساتھ ہیں۔ ویسے بھی عوام کا ضمیر جاگا رہے یا سوئے اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے کیوں کہ اسمبلی میں تو 172 ضمیر چاہئے ہوتے ہیں جو جاگ رہے ہوں اور بلا چوں چراں کئے اپنے قائد کے ساتھ کھڑے ہوں اور ان 172 ضمیروں کی بھاگیں کس کے ہاتھ میں یہ  بتانے کی ضرورت نہیں ہے فی الحال اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اپنے اور اپنے گھر والوں کا سوچیں اسی میں سب کی بھلائی ہے اور ویسے بھی عوام کا ضمیر تو جاگا رہتا ہے اور اگر انہیں بھی اپنے رہنماؤں کی طرح کچھ بننا ہے تو بقول رزمی صدیقی

ذرا سی مشق کرے بے ضمیر بن جائے

تو کیا عجب ہے کہ انساں وزیر بن جائے

نوٹ : تحریر لکھاری  کا ذاتی نقطہ نظر ہے ، ادارہ کا تحریر  سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔

پڑھنا جاری رکھیں

پاکستان

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

سردار تنویر الیاس کو ایف آئی اے کی جانب سے سول جج عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا

Published by Kamran Jan

پر شائع ہوا

کی طرف سے

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔

سردار تنویر الیاس کو ایف آئی اے کی جانب سے سول جج عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سردار تنویر الیاس کی جانب سے صابر ملک ایڈووکیٹ اور نوید رضا مغل ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے دلائل دیے کہ سردار تنویر الیاس نے وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کرتے ہوئے سعودی عرب کا وزٹ کیا لیکن قانون کے مطابق وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد پاسپورٹ کا استعمال نہیں جا سکتا تھا۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ سردار تنویر الیاس کا پاسپورٹ کینسل کیا گیا مگر انہوں نے تاحال واپس نہیں کیا، پاسپورٹ ریکور کروانا ہے 8 دن کا ریمانڈ دیا جائے۔

ایف آئی اے کی جانب سے سردار تنویر الیاس کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی تاہم عدالت نے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے نجی شاپنگ مال کے سکیورٹی انچارج پر تشدد اور تالے توڑنے پر درج مقدمے میں سردار تنویر الیاس کی 50 ہزار کے مچلکوں کے عوض ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست منظور کی تھی جب کہ اس سے قبل مقامی عدالت نے انہیں اس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

پڑھنا جاری رکھیں

پاکستان

مسئلہ فلسطین کا واحد حل دو ریاستوں کا قیام ہے، اسحاق ڈار

67ءسے پہلے کی پوزیشن پر فلسطینی ریاست قائم کی جائے، دارالحکومت القدس ہو، نائب وزیراعظم

Published by Kamran Jan

پر شائع ہوا

کی طرف سے

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 1967سے پہلے کی پوزیشن پر فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔ مسئلہ فلسطین کا واحد حل دو ریاستوں کا قیام ہے۔

قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم علاقائی فورم ہے اور اس فورم کا قیام انتہائی اہم ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کے ممالک سے تعلقات کا فروغ پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں شامل تمام ممالک کے ایک دوسرے سے تاریخی ثقافتی وسفارتی تعلقات ہیں، اس فورم سے درپیش چیلنجز کا حل تلاش کیا جائے۔ایس سی او ممالک سے تعلقات کا فروغ پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے، ایس سی او ممالک کے تعاون سے تمام ممالک ترقی کی منازل طے کریں گے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم غزہ میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کرے۔ فلسطین میں 35 ہزار سے زائد معصوم شہریوں کو شہید کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اوروزیر خارجہ کے حادثاتی انتقال پر رنجیدہ ہیں، حکومت پاکستان اور عوام ایرانی حکومت اور عوام کے غم میں شریک ہیں، ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجی مدبر رہنما تھے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی دنیا بھر کے لیے ایک چیلنج بن چکی ہے، ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

پڑھنا جاری رکھیں

علاقائی

پنجاب اور سندھ میں ہیٹ ویو کا خدشہ

پنجاب میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر کالجز کے اوقات کار میں تبدیلی کردی گئی

Published by Kamran Jan

پر شائع ہوا

کی طرف سے

سندھ اور پنجاب میں آج سورج آگ برسائے گا۔ صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آج سے 27 مئی کے دوران ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

سندھ کے علاقے نواب شاہ میں درجہ حرارت 48 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو ہیلپ لائن، مساجدمیں اعلانات اور میڈیا کے ذریعے آگاہی کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے ہسپتالوں میں خصوصی کائونٹر بنانے ، ادویات کی دستیابی یقینی بنانے اور محکمہ صحت کو ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت کی۔

پنجاب میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر کالجز کے اوقات کار میں تبدیلی کردی گئی۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے مطابق 21 سے 31 مئی تک کالجز کے اوقات صبح ساڑھے 7 سے ساڑھے 11 اور جمعہ کو ساڑھے 7 سے 11 بجے تک ہوں گے جب کہ کالجز کی سیکنڈ شفٹ شام 4 بجے سے رات 8 بجے تک ہوگی۔

پڑھنا جاری رکھیں

Trending

Take a poll